ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی کو نئی شکل دینے اسمبلی میں بل منظور، وارڈوں کی تعداد 243، میئر کی میعاد30مہینے ہوگی

بی بی ایم پی کو نئی شکل دینے اسمبلی میں بل منظور، وارڈوں کی تعداد 243، میئر کی میعاد30مہینے ہوگی

Fri, 11 Dec 2020 20:26:52    S.O. News Service

بنگلورو،11؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کانگریس اور جے ڈی ایس کے بغیر ہی حکمران پارٹی بی جے پی نے آج بی بی ایم پی ترمیمی بل2020 پاس کروالیا۔ اس بل کے ذریعہ وارڈوں کی تعداد 198سے بڑھا کر243کردی گئی ہے۔میئر اور ڈپٹی میئر کی میعاد30مہینے مقرر کی گئی ہے۔بی بی ایم پی کے 8ڈیویژن ہیں، اس کو بڑھا کر15ڈیویژن کردیا گیا ہے۔ موجودہ بی بی ایم پی حدود کے ایک کلومیٹر کے فاصلے تک کے علاقوں کو بی بی ایم پی کی حدود میں شامل کرلیا جائے گا۔

ریاستی وزیراعلیٰ ایڈی یورپا کی غیر موجودگی میں وزیر برائے قانون وامور پارلیمان جی سی مادھوسوامی نے ایوان میں اس بل کو پیش کیا۔اسمبلی میں اس بل پر منظوری ملنے کے سبب بی بی ایم پی کے مجوزہ انتخابات ملتوی ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔ دونوں ایوانوں میں اس بل کی منظوری کے بعد بل پر ریاستی گورنر کی منظوری کے بعد یہ قانون نافذ ہوجائے گا۔ جس کے بعد وارڈوں کی ازسرنو حد بندی ہوگی۔ایک کلومیٹر اور اس سے زیادہ 200تا300 میٹر کی دوری پر واقع علاقوں کو بی بی ایم پی کی حدود میں شامل کرلیا جائے گا۔

بی بی ایم پی کارپوریٹرس، اگر اسمبلی، کونسل، لوک سبھا یا راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہوجائیں تو 6مہینوں میں کسی ایک رکنیت اپنے پاس رکھ کر دوسری رکنیت سے مستعفی ہونا پڑے گا۔ اس سے قبل دونوں رکنیت کو رکھنے کی گنجائش تھی، اس میں ترمیم کردی گئی ہے۔ڈیویژن سطح پر متعلقہ رکن اسمبلی کی صدارت میں مشاورتی کمیٹیاں تشکیل دینے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔اس مشاورتی کمیٹی میں متعلقہ ڈیویژن کے کارپوریٹرس اراکین ہوں گے۔ ڈیویژن میں مختلف ترقیاتی کاموں سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار ڈیویژنل کمیٹیوں کو ہی دیا گیا ہے۔

بارش کا پانی: بی بی ایم پی کی حدود میں 40x60سائٹ پر مکان کی تعمیر کے لئے بارش کاپانی اکٹھا کرنا(Rain Water Harvesting) لازمی ہوگا۔ اس بل پر بحث کرتے ہوئے بی جے پی کے اروند لمباولی اور منی رتنا نے کئی مشورے دئے ہیں۔


Share: